وزیراعلی مریم نواز نے میگنی فیشنٹ پنجاب (شاندار پنجاب) میگا ٹورسٹ منصوبے کا آغازکر دیا ہے جس کے تحت پنجاب کو تہذیب و سیاحت کا ریجنل اور انٹرنیشنل مرکز بنایا جائیگا۔ پنجاب کے 170 تاریخی مقامات کو عالمی معیار کے سیاحتی مراکزمیں تبدیل کرنے کیلئے تمام تاریخی مقامات کی میپنگ مکمل کرلی گئی ہے۔ فہرست میں 101 گردوارے اور 53 گرجا گھر بھی شامل ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں پانچ ماہ کی محنت سے وزیراعلیٰ کے وژن کو عملی شکل دی گئی۔ پنجاب ٹورزم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی قائم کرنے کے فیصلے کی باضابطہ منظوری کیلئے سمری کابینہ کو بھجوا دی گئی ہے۔ تاریخ، ورثہ اور سیاحت سے متعلق تمام ادارے اتھارٹی کے ماتحت ہوں گے۔ منصوبے کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے پہلی بار پنجاب ٹورزم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی ایکٹ 2024ء بھی لاگو کر دیا گیا ہے اور جامع ٹورسٹ پالیسی بھی تیار کر لی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اقلیتی برادری کے مذہبی و تاریخی مقامات کی حفاظت کا جامع نظام بنانے کی ہدایت کی۔
قدرت نے پاکستان کو سیاحتی مقامات سے مالامال کیا ہوا ہے‘ فلک بوس پہاڑ‘ برف سے ڈھکی چوٹیاں‘ نخلستان‘ میدانی علاقے‘ آبشاریں‘ جھلیں‘ لق و دق صحرائوں‘ بہتے دریا اور کونسی ایسی خوبصورت وادی نہیں جو قدرت نے پاکستان کو عطا نہ کی ہو۔ بس یہاں سیاحوں کیلئے دلچسپی کا سامان اور سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ بے شک ہر دور حکومت میں سیاحتی مقامات کو پروموٹ کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا‘ اس کیلئے قومی بجٹ میں رقم بھی مختص کی جاتی رہی لیکن پھر بھی ملکی اور غیرملکی سیاحوں کو ترغیب دینے والے امن و آشتی کے حالات پیدا نہ کئے جا سکے چنانچہ بیرون ملک سے سیاح پاکستان کے سیاحتی مقامات پر آنے سے کتراتے رہے۔ اب یہ بیڑہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اٹھایا ہے۔ امید کی جاسکتی ہے کہ جس طرح وہ عوامی فلاح کے کئی کامیاب منصوبے چلا رہی ہیں‘ سیاحت کے فروغ میں بھی وہ نمایاں کردار ادا کریں گی اورمیگاٹورسٹ منصوبے کے تحت ان مقامات پر خصوصی توجہ دیں گی۔ سب سے پہلے ان مقامات پر قبضہ مافیا پر ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے‘ بالخصوص ٹمبر مافیا کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے جس کے ہاتھوں مری کے قیمتی جنگلات تیزی سے تباہی کا شکار ہو رہے ہیں‘ اسکے علاوہ ہوٹل مافیاز پر بھی ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے جو سیاحوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ 2018 ء میں اس مافیا کیخلاف عوام کا سخت احتجاج سامنے آیا جس کے تحت عوام نے مری کا مکمل بائیکاٹ بھی کیا تھا۔ اگر ان مافیاز پر قابو پالیا جائے اور ملکی اور غیرملکی سیاحوں کو تمام سہولیات فراہم کردی جائیں تو پاکستان ان سیاحتی مقامات سے کثیر زرمبادلہ کمال سکتا ہے جس سے معیشت بھی بہتر ہوگی اور دنیا بھر میں پاکستان کا روشن چہرہ مزید جگمگائے گا۔
میگا ٹورسٹ منصوبے کا آغاز
Feb 23, 2025