پی ٹی آئی رہنما لیاقت جتوئی کا اپنی جماعت پر سینیٹ ٹکٹ بیچنے کے الزام پر سیف اللہ کا بڑا بیان سامنے آگیا

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی نے اپنی ہی جماعت پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ کا ٹکٹ پینتیس کروڑ کے عوض فروخت کیا گیا جس پر اب پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ ابڑو بھی میدان میں آ گئے ہیں اور انہوں نے قانونی نوٹس بھیجنے کا اعلان کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق سیف اللہ ابڑو نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر لیاقت جتوئی کی جانب سے بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے ہیں ، خان بہادر آپ کو اخلاقیات کا پتا ہی نہیں ہے ، کتنے دنوں سے آپ لوگ میرے خلاف لابنگ کر رہے ہیں ، آپ کو قانونی نوٹس بھجوا رہاہوں اور اب ملاقات عدالت میں ہی ہو گی ۔ سیف اللہ ابڑو کا کہناتھا کہ آپ نے جو الزاما ت عائد کیے ہیں ان کا جواب دینا پڑے گا ،لیاقت جتوئی اپنے بیہودہ الزامات کو ثابت کرنا ہو گا، آپ نے کہا کہ میں نے 35 کروڑ روپے دے کر سینیٹ کا ٹکٹ حاصل کیاہے ۔