دارالامان ہائے میں مثالی خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، سید یاور بخاری

وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ دارالامان کا پلیٹ فارم مشکل کا شکار خواتین کا سہارا ہے اور تمام دارالامان ہائے میں مثالی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
دارالامان لاہور کی ایڈوائزری کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ معاشرتی ظلم کا شکار خواتین کی بحالی میں کوئی کسر نہیں رہنی چاہیئے۔ دارالامان آنے والی خواتین کو زیادہ بااعتماد انداز میں واپس اپنے گھروں کو جانا چاہیئے۔ اجلاس میں چیئر پرسن دارلامان کونسل عائشہ علی بھٹہ، سیکرٹری سوشل ویلفیئر حسن اقبال اور ڈائریکٹر جنرل شاہد نیاز نے بھی شرکت کی۔
چیئرپرسن عائشہ علی بھٹہ نے کہا کہ تشدد زدہ خواتین کو دارالامان میں رہائش، علاج اور نفسیاتی کونسلنگ کی سہولت دی جاتی ہے۔ دارالامان لاہور کی تزئین نو کا کام جاری ہے۔ اس وقت عمارت میں 60 سے 70 خواتین کے قیام کی گنجائش ہے۔
سید یاور عباس بخاری نے ایڈوائزری کونسل کے ٹی او آرز تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ تزئین نو کے کام میں معیار کا خاص خیال رکھا جائے۔ سرکاری خزانہ قوم کی امانت ہے۔ ایک ایک پائی شفاف طریقے سے خرچ کرنا ہوگی۔ پنجاب بھر کے دارالامان ہائے کے معاملات میں ڈھانچہ جاتی تبدیلیاں کی جائیں گی۔
ڈی جی سوشل ویلفیئر شاہد نیاز نے اجلاس کو دارالامان کے امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں دارالامان کام کر رہا ہے جبکہ بعض اسامیوں کی لائن آف پروموشن کا کام جلد مکمل کر لیا جائے۔