پی ڈی ایم عوام کو بیوقوف بنار ہی ہے :وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان

وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بیگم صفدر اعوان سمیت پوری پی ڈی ایم اس وقت ''میٹھا میٹھا ہپ ہپ کڑوا کڑوا تھو'' کی پالیسی پر چلتے ہوئے عوام کو بیوقوف بنانے کی تگ و دو میں مصروف ہے۔ حالیہ ضمنی انتخابات میں عوام کی جانب سے ترقی پسند حکومتی بیانیے کو ترویج ملی اور پی ڈی ایم اور ن لیگ کا سپانسر کردہ مودی، اجیت دیول اور سلطان مفرور الدین ارطغرل کا بیانیے ں ری طرح ناکام ہوا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 25 جولائی 2018 کے عام انتخابات کے مقابلے میں این اے 51 کے ڈسکہ اور وزیر آباد کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کا ووٹ بنک ایک سو دس فیصد بڑھا ہے جو ایک واضح جیت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے چار دن کے واویلے کے بعد ہی وزیر اعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن کے ذریعے بیس متنازعہ حلقوں پر دوبارہ الیکشن کروانے کا اعلان کر کے سلطان صلاح الدین ایوبی کی یاد تازہ کرنے کے ساتھ ساتھ 1989 کی وہ تاریخ بھی دہرا دی جب انہوں نے سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری کانت کو آؤٹ کرنے کے بعد ایک موقع اور دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بیس حلقوں میں دوبارہ انتخابات ہونے سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ وزیر جیل خانہ جات نے مزید کہا کہ عشروں سے عوام کو اقتدار میں رہتے ہوئے چکر دینے والوں کو خود چکر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان جمہوری اقدار اور شفاف انتخابات کے حامی ہیں جسکی وجہ سے سینیٹ الیکشنز میں اوپن بیلٹ سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے لیکن میثاق جمہوریت میں اوپن بیلٹ سسٹم کی شق پر راضی ہونے والے یو ٹرن کے بادشاہ اب اسی سسٹم سے مکر رہے ہیں۔ پرویز رشید کی نادہندگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز رشید پنجاب ہاؤس میں رہتے ہوئے تقریباً نوے لاکھ کے نادہندہ ہونے کے باوجود الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔ وہ دن ہوا ہوئے جب افتخار چوہدری کے سر صدقے شریف برادران پانچ ارب کے نادہندہ ہوتے ہوئے بھی اقتدار میں آ گئے اور بقایا جات اقتدار میں آنے کے بعد ادا کیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حلیم عادل شیخ کی قید کا شہباز شریف کی قید سے موازنہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ، کک بیکس سمیت گھناؤنے ثابت شدہ نیب ریفرنسز ہیں۔