ناسا نے مریخ کی سطح پر ریکارڈ کی گئی آڈیو جاری کر دی

خلائی تحقیق کے امریکی ادارہ ناسا نے سیارہ مریخ کی سطح پر ریکارڈ کی گئی پہلی آڈیو جاری کر دی جس میں مریخ کی سطح پر چلنے والی ہوا کی وہ مدھم آواز چند سیکنڈز کے لئے سنی جا سکتی ہے جو کہ مریخ جانے والی خلائی گاڑی پرسیویرینس نے ریکارڈ کی۔ناسا نے مریخ پر خلائی گاڑی کی لینڈنگ کی ویڈیو بھی جاری کی ہے جس کا دورانیہ 3 منٹ اور 25 سیکنڈ ہے ۔
پرسیویرینس کے مائیکرو فون اور کیمرہ نظام کے انجینئر ڈیو گروئیل نے کہا ہے کہ دس سیکنڈز تک سنائی دی جانے والی مدھم سی آواز مریخ کی سطح پر چلنے والی ہوا کی ہے جو مائیکروفون نے ریکارڈ کرکے یہاں زمین پر بھیجی ہے ۔ جبکہ3 منٹ اور 25 سیکنڈز کے وڈیو کلپ میں خلائی گاڑی کو ہیٹ سے بچانے والے کور کو اترتے اور اس میں سے سرخ اور سفید رنگ کا پیرا شوٹ کھلتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔واضح رہے کہ مریخ ان دنوں زمین سے 20 کروڑ 90 لاکھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور وہاں سے ریڈیو سگنل زمین پر پہنچنے میں 11.66 منٹ لگتے ہیں۔