وزیراعظم عمران خان سری لنکا پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان سری لنکا کے دو روزہ دورے پر کولمبو پہنچ گئے۔ کولمبو کے ایئرپورٹ پہنچنے پر سری لنکا کے وزیراعظم نے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا،کولمبو ائیرپورٹ پر عمران خان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب ہوئی، جس میں وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، چاق چوبند دستوں اور توپوں نے سلامی دی۔ پاکستان اور سری لنکا کے قومی ترانے کی دھن بجائی گئی ،وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبدالرزاق داود اور معاون خصوصی ذلفی بخاری ہیں۔ منصب سنبھالنے کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان کا سری لنکا کا یہ پہلا دورہ ہے، انہیں اس دورے کی دعوت سری لنکا کے ہم منصب مہندا راجا پاکسے نے دی ہے، وزیراعظم سری لنکا کے صدر اور اپنے ہم منصب سے ملاقات کریں گے، اعلی سطح کی ملاقوں کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، صحت ، تعلیم، زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف امور میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف امور میں مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے۔عمران خان جوائنٹ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔وزیر اعظم آج بدھ کو سری لنکن صدر سے بھی ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ امور اور خطے کی صورتحال پر گفتگو کی جائے گی،پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 1948 سے مضبوط دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ وزیر اعظم کے دورے سے ان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی،قبل ازیں دفتر خارجہ نے بتایادورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی رابطوں کو مزید بڑھانے کے لیے سری لنکا- پاکستان دوستی ایسوسی ایشن کا اعلان کیا جائے گا۔تاہم بیان میں سری لنکن پارلیمنٹ سے تقریر کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا تھا۔سری لنکن حکومت نے مذکورہ ایونٹ کو منسوخ کرتے ہوئے باضابطہ طور پر کہا تھا کہ کووڈ 19 کی وبا کی وجا سے ایسا کیا گیا۔