پی ٹی آئی نعروں پر نہیں عملی خدمت، تعمیر و ترقی پر یقین رکھتی ہے،ملک امتیاز
اسلام آباد (نوائے وقت رپو رٹ )پی ٹی آئی نعروں پر نہیں عملی خدمت اور تعمیر و ترقی پر یقین رکھتی ہے ۔ این اے54خصوصاً یوسی 48سرائے خربوزہ کا کوئی علاقہ ترقیاتی کاموں سے محروم نہیں رہے گا ۔ پروپیگنڈے کرنے والے لگے رہیں ہمیں کسی کی پرواہ نہیں مخلوق خدا کی خدمت دن رات جاری رہے گی ۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے رہنما و جنرل سیکرٹری عوامی ربطہ کمیٹی این اے 54ملک محمد امتیاز نے محلہ عباسیہ گلی نمبر 1مسجد بہار مدینہ کی پختگی کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما محمد بلال عباسی ، حاجی خالد محمود اعوان ، شوکت خان ، محمد آصف عباسی ، ارشاد عباسی ، رفیق عباسی ، صادق اعوان ، شفقت عباسی ، ملک الٰہی داد ، جمعہ خان و دیگر بھی موجود تھے ۔ اہلیان علاقہ نے دو محلوں کو جوڑنے والی گلی کی پختگی پر ملک محمد امتیاز اور محمد بلال عباسی کا شکریہ ادا کیا ۔ملک محمد امتیاز نے کہا کہ مخلوق خدا کی دعائیں لینا کسی کسی کے نصیب میں ہوتا ہے اور ہم ان شاء اللہ دن رات دعائیں لے رہے ہیں ۔ محمد بلال عباسی نے کہا کہ ہم ملک محمد امتیاز اور وفاقی وزیر اسد عمر کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے ترقیاتی کاموں کا ایک ریکارڈ قائم کر دیا ہے آنے والا دور بھی پی ٹی آئی کا ہے گلی نمبر 1 کی پختگی سے علاقے کا نقشہ ہی بدل جائے گا یہ ایک دیرینہ مسئلہ تھا ان شاء اللہ دیگر کام بھی جلد از جلد مکمل ہوں گے ۔