محکمہ انسداد رشوت ستانی جام شورو بدعنوانی ختم کرنے کے بجائے کرپشن کا محافظ
کوٹری(نامہ نگار)محکمہ انسداد رشوت ستانی وبدعنوانی جامشورو زون کے سرکلز جامشورو ٹھٹھہ دادو سجاول میں بدعنوان افسران نے بدعنوانی اور رشوت کی روک تھام کے بجائے خود مال بٹورنا شروع کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق جامشورو سمیت دیگر اضلاع میں سرکل افسران نے سرکاری دفاتر سمیت تاجر اور بلڈرز کو نوٹسز کا اجراء کرکے تحقیقات کے نام پر ہراساں کیا جانے کا عمل جاری ہے۔اینٹی کرپشن جامشورو زون کرپشن ختم کرنے کے بجائے مبینہ مال بٹورنے میں مصروف عمل دکھائی دیتا ہے۔اینٹی کرپشن جامشورو زون میں پرائیویٹ افراد سے کام لیا جانے لگا ہے۔سرکلز افسران نے مال بٹورنے کیلئے مخصوص اہلکاروں کو مقرر کیاہوا ہے جوکہ نوٹسز کے ذریعے سرکاری افسران اور کاروباری حضرات کو مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دیکر ہراساں کرتے ہیں پھر ان سے بھاری نذرانہ کا تقاضہ کیا جاتا ہے۔انسداد رشوت ستانی جامشورو کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے سرکاری دفاتر میں عوامی مسائل حل ہونیکے بجائے مزید گمبیر بنتے جارہے ہیں اور شہری رشوت کی عدم ادائیگی کے سبب جائز کاموں کیلئے سرکاری دفاتر کے چکرپہ چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔دوسری جانب ڈپٹی ڈائریکٹر جامشورو زون کے دفتر میں رشوت کی رقم سے پرائیویٹ افراد کو کام پر رکھا گیا ہے جن سے شکایات پر نوٹسز اور بیان بنانے کا کام لیا جاتا ہے جن کا ادارہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔دوسری جانب شہری وسماجی حلقوں نے چیئرمین اینٹی کرپشن سندھ سے معاملہ کا نوٹس لیکر بدعنوان اہلکاروں کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔