کورونا وائرس مہلک وائرس ہے ،کوئی نہ جھٹلائے‘ ماہرین طب
خیرپور (بیورورپورٹ) سندھ گورنمنٹ سچل سرمست لائبریری خیرپور میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے سیوا ٹرسٹ کے مشترکہ تعاون سے سیمینار منعقد کیا گیا،سیمینار میں اسسٹنٹ پروفیسر خیرپور میڈیکل کالج ڈاکٹر صفدر علی تنیو،سرجن ڈاکٹر طاہر قریشی،ڈاکٹر گلزار انجم،اسسٹنٹ کمشنر صفدر میرانی،محمد علی سہتو،امر اقبال اور دیگر نے شرکت کی،جبکہ سیمینار میں طلباء و طالبات سمیت ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈاریکٹر سچل سرمست لائبریری غلام سرور چنڑ اور دیگر نے کہا کہ سیوا ٹرسٹ کی جانب سے لائبریری میں کورونا وائرس جیسے اہم موضوع پر سیمینار منعقد کرنا خوش آئند ہے،امید ہے کہ مستقبل میں بھی ایسے سیمینار منعقد کئے جائیں گے،کورونا وائرس ایک حقیقت ہے جس سے پوری دنیا میں انسانی جانوں کا بڑا نقصان ہوا ہے،لوگوں کو چاہیئے کہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ڈاکٹرز کی جانب سے بتائی جانے والی احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیاں محفوظ بنائیں ۔کیونکہ بد احتیاطی اور لاپرواہی سے زندگی کو نقصان ہو سکتا ہے،عوام کو چاہیئے کہ کورونا وائرس سے بچائو کیلئے بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کریں،سیمینار کے دوران ڈپٹی ڈاریکٹر اصل سرمست لائبریری کی جانب سے مہمانوں کو سندھ کی ثقافت اجرک بھی پیش کی گئی۔