عوام نے تینوں سیاسی پارٹیوں کی حکومتیں دیکھ لیں : سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں ’’دھند ‘‘ کی وجہ سے نتائج مئوخر ہونے جیسے حربے گزشتہ 73 سال سے ملک میں استعمال ہو رہے ہیں۔ الیکشن ریفارمز نہ ہوئیں تو عام انتخابات میں زیادہ ’’ دھند‘‘ پڑ سکتی ہے۔ موجودہ حکمرانوں میں نہ صلاحیت ہے نہ صالحیت۔ سیاسی سموگ کی وجہ سے قوم کے روگ دن بدن بڑھ رہے ہیں۔ مغرب کے ایجنٹ قوم پر مسلط ہیں۔ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے پڑھا لکھا نوجوان، کسان، مزدور سمیت ہرطبقہ فکر کے لوگ خوار ہو گئے۔ ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ ملک کا مستقبل گندگی کے ڈھیروں میں روٹی کے ٹکڑے تلاش کرتا پھر رہا ہے۔ قوم کو حقیقی تبدیلی چاہیے۔ جماعت اسلامی ملک کا مستقبل ہے۔ وہ وقت جلد آنے والا ہے جب انتخابات میں پیسے کی بجائے کریکٹر کو دیکھا جائے گا۔ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ملک کے مسائل کا حل اسلامی انقلاب میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری کارکنان کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا ملک میں گڈ گورننس کا نام و نشان تک نہیں۔ ہر معاملہ میں میرٹ کو یکسر نظر انداز کیا جاتا ہے۔ ملک میں لاکھوں بچے فیکٹریوں، ہوٹلوں میں مزدوری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام نے جرنیلوں اور تینوں سیاسی پارٹیوں کے ادوار دیکھ لئے۔ پی ٹی آئی کی حکومت سب سے زیادہ نااہل ثابت ہوئی ہے۔