کراچی میں جلسے کی تیاریاں، پی ایس پی نے رابطہ مہم شروع کردی
کراچی (نیوز رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی نے 28فروری بروز اتوار سہراب گوٹھ پر پختونوں کے جلسے کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ مرکزی قیادت سمیت کراچی ڈویژن کے زمہ داران کی مختلف علاقوں میں رابطہ مہم جاری ہے۔ سہراب گوٹھ سمیت اطراف کے علاقوں کو پارٹی پرچموں سے سجا دیا گیا۔ عوام کا جوش و خروش عروج پر ہے۔ پارٹی زمہ داران و کارکنان کی جانب سے ہینڈ بلز تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پارٹی صدر انیس قائم خانی نے الآصف اسکوائر کے عقب میں واقع جلسہ گاہ کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ جلسے کا مقصد ہر قسم کے لسانی تعصب کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنا ہے تاکہ آئندہ اس شہر میں لسانیت کے نام پر کسی ماں کو اس کا جوان بیٹا نہ کھونا پڑے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سہراب گوٹھ پر قائم مرکزی کیمپ میں موجود علاقہ عمائدین سے ملاقات میں بات کرتے ہوئے کیا۔