جنگ گروپ دفاتر حملہ کیس، 13 ملزم عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل
کراچی (نیوز رپورٹر) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے جیو اور جنگ کے دفتر پر حملے کے کیس میں گرفتار 13ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ جیو اور جنگ کے دفتر پر حملہ کیس کی سماعت پر پولیس نے گرفتار 13ملزمان کو انسداد دہشتگردی عدالت کے منتظم جج کے روبرو پیش کیا۔ دوران سماعت تفتیشی افسرکا کہناتھا کہ مفرور ملزمان کو گرفتار کرنا ہے، ملزمان کا 14روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ تفتیشی افسرکے مطابق گزشتہ روز جیو نیوز کے دفتر کے باہر مظاہرین نے ہنگامہ آرائی کی تھی اور مظاہرین کو اشتعال دلانے والا نامزد ملزم مفرور ہے۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو مسترد کردیا اور تمام ملزمان کو 7مارچ تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جب کہ عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو چالان پیش کرنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف میٹھا در تھانے میں انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، مقدمے میں دھمکیاں دینے، املاک کو نقصان پہنچانے، اقدام قتل اور ہنگامہ آرائی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔