اساتذہ کے تبادلوں کا طریقہ کار ڈیجیٹلائز کرنا انقلابی قدم، سعید غنی
کراچی(وقائع نگار ) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اساتذہ کے تبادلوں اور تعیناتی کے طریقے کار کو ڈیجیٹلائزڈ کرنا محکمہ تعلیم سندھ کا ایک انقلابی قدم ہے۔ کوشش کی جائے کہ جہاں ضرورت سے زیادہ اساتذہ ہیں انھیں محکمے کی طرف سے وہاں ٹرانسفر کیا جائے جہاں اساتذہ کی کمی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اپنے دفتر میں محکمہ تعلیم کے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری اسکول ایجوکیشن احمد بخش ناریجو، ڈی جی ایم اینڈ ای شہامیر بھٹو و دیگر افسران شریک تھے۔ اجلاس میں منگل کے روز ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس میں پیش ہونے والے اساتذہ کے تبادلوں کی پالیسی پر غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ اس پالیسی کے ادراک کے بعد اساتذہ گھر بیٹھے اپنے موبائل یا کمپیوٹر سے اپنی درخواست دے سکتے ہیں تاہم اساتذہ کے تبادلوں کی درخواست صرف ان اسکولز میں منظور کی جائے گی جہاں اساتذہ کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تبادلوں اور تعیناتی کے ساتھ ساتھ دیگر چیزوں کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹلائزڈ کردیں۔