یوسف گیلانی کی نامزدگی سے حکومتی حلقوں میں کھلبلی: فضل الرحمن، اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہے: سابق وزیراعظم

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) فضل الرحمان نے سینٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کا چیئرمین بننے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے یہ اعلان ہوا ہے کہ یوسف رضا گیلانی قومی اسمبلی سے سینٹ الیکشن لڑ رہے ہیں حکومتی حلقوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ حکومت کو اپنی صفوں میں عدم اعتماد اور خلفشار نظر آنا شروع ہوگیا ہے۔ سینٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کا مشکور ہوں جنہوں نے متفقہ طور پر مجھے امیدوار نامزد کیا ہے۔ میں پہلے بھی قومی اسمبلی سے متفقہ وزیراعظم منتخب ہوا تھا اس وقت بھی مشکور تھا۔ آج بھی اپنی کمپیئن شروع کی ہے جس کا اچھا ریسپانس ملا ہے، یہ فتح جمہوری قوتوں کی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ،یوسف رضا گیلانی نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ یوسف رضا گیلانی نے پیپلز پارٹی کے دفد کے ہمراہ مولانافضل الرحمان کی رہائش گاہ جاکر ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے سینٹ الیکشن سمیت سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مولانافضل الرحمان نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں، وہ کامیاب بھی ہونگے اور چیئرمین بھی بنیں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج عام آدمی انتہائی پریشان ہیں۔ کیونکہ مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔ اس مہنگائی کا ذمہ دار کون ہے؟۔ ممبران کو یہ احساس دلانا چاہتے ہیں کہ ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں قلمدان حوالے کرینگے تو ملک کہاں جائیگا۔ عام آدمی کا مطالبہ ہے کہ ملک کے اہم اور کلیدی مناصب پر ایسے لوگوں کو آنا چاہیے جو ملک کو بحران سے نکال سکیں۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مجھے اس وقت بھی تعلقات کی بنیاد پر بھی ووٹ پڑے اور اب بھی اسی پرفارمنس پر ووٹ ملیں گے۔ میرا جہانگیر ترین سے کوئی رابطہ ہوا ہے نہ ملاقات ہوئی ہے مگر وہ میرے رشتہ دار ہیں کہنے کی ضرورت نہیں۔ مجھے نظر آرہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے مجھے ووٹ دیکر وزیراعظم بنایا تھا اور اب بھی ن لیگ حمایت کررہی ہے۔ ماضی کی بات چھوڑیں اب حال اور مستقبل کو دیکھیں۔