معدنیات ٹیکس زیادہ وصول کرنے کیخلاف ٹریکٹر ٹرالیوں کے ڈرائیوروں کا دھرنا
مظفرگڑھ(نامہ نگار)ٹھیکیداروں کی جانب سے معدنیات ٹیکس زیادہ وصول کرنے کیخلاف ڈرائیوروں نے اپنی ٹریکٹر ٹرالیوں کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے دھرنا دیا،،دھرنے میں جمشید دستی نے بھی شرکت کی.تفصیلات کیمطابق شیڈول سے زیادہ معدنیات ٹیکس وصول کرنے کیخلاف ٹریکٹر ٹرالیوں کے ہمراہ ڈرائیوروں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے دھرنا دیدیا،سابق ایم این اے جمشید دستی بھی احتجاجی دھرنے میں شرکت کی،بڑی تعداد میں ٹریکٹر ٹرالیاں کھڑی ہونے کے باعث کچہری چوک اور جیل روڈ کے اطراف شدید ٹریفک جام رہی جس کے باعث شہریوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا.دھرنے میں شریک جمشید دستی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ محکمہ معدنیات کے ٹھیکیدار شیڈول سے ہٹ کر غیرقانونی طور پر بھاری ٹیکس وصول کررہے ہیں.انھوں نے ٹیکس کو کم کرنے کا مطالبہ کیا،جمشید دستی کا کہنا تھا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاجی دھرنا جاری رہے گا.بعدازاں ضلعی انتظامیہ نے جمشید دستی اور دھرنے کے شرکاء سے مذاکرات کیے جس میں ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیوروں کو معاملے کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی اور کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی جو آج محکمہ معدنیات اور ٹھیکیداروں سے مذاکرات کے معاملے کے حل کے لیے تجاویز دے گی.مذاکرات کے بعد ٹریکٹر ٹرالیوں کے ڈرائیوروں نے 2 گھنٹوں کے دھرنے کے بعد احتجاج ختم کردیا اور منتشر ہوگئے۔