ہیلتھ سیکٹر کی 11 ارب 24 کروڑ روپے مالیت کی 8 ترقیاتی سکیمیں منظور
لاہو ر ( کامرس رپورٹر) پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 23ویں اجلاس میں پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر سیکٹر کی 11 ارب 24 کروڑ 12لاکھ 10ہزار روپے مالیت کی 8 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ عبد اللہ خان سنبل نے کی جبکہ صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی عمران سکندر بلوچ سمیت متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلیٰ افسر اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران سمیت سینئر چیف کوآرڈینیشن جاوید لطیف، اسسٹنٹ چیف کوآرڈینیشن شاہد ادریس نے شرکت کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ضلع بہاولپور تحصیل احمد پور شرقیہ میں 20 بستروں پر مشتمل رورل ہیلتھ سنٹر اوچ شریف کو 60 بستروں کے تحصیل ہیڈ کوارٹر سطح کے ہسپتال میں اپ گریڈ کرنے کیلئے 53 کروڑ 77 لاکھ روپے، ضلع بہاولنگر میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منچن آباد کی 40 بستروں سے 100 بستروں کی اپ گریڈیشن کیلئے 37 کروڑ 30 لاکھ 11 ہزار روپے، قصور میں پتوکی شہر میں 20 بستروں پر مشتمل ٹراما سنٹر کی تعمیر اور ٹی ایچ کیو ہسپتال کی بہتری کیلئے 27 کروڑ 88 لاکھ 82 ہزار روپے، ضلع قصور تحصیل ہیڈ کوارٹر چونیاں میں 20 بستروں پر مشتمل سرجیکل وارڈ کی تعمیر کیلئے 13 کروڑ 3 لاکھ 4 ہزار روپے، ضلع گجرات تحصیل کھاریاں میں لالہ موسیٰ ٹی ایچ کیو ہسپتال میں 10 بستروں کے ایمر جنسی وارڈ کی تعمیر کیلئے 7 کروڑ 19 لاکھ 76 ہزار روپے، ضلع گجرات میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کھاریاں کو 70 سے 100 بستروں تک اپ گریڈ کرنے کیلئے 20 کروڑ 93 لاکھ 59 ہزار روپے، ضلع خوشاب میں ٹی ایچ کیو ہسپتال نوشہرہ میں بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے 25 کروڑ روپے اور حافظ آباد میں 400 بستروں پر مشتمل نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے قیام کیلئے 9 ارب 38 کروڑ 99 لاکھ 78 ہزار روپے شامل ہیں۔