فوتیدگی والے گھر مسلح افرادکا دھاوا، 5افراد پر تشدد،شہری سراپا احتجاج
میلسی(نامہ نگار)معمولی تلخ کلامی پر فوتیدگی والے گھر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا ، میت کو دفنا کر واپس آنے والے 5افراد کو سر عام غنڈہ گردی کا نشانہ بناتے ہوئے شدید زخمی کر دیا اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے اہل علاقہ نے اطلاع کے باوجود بروقت پولیس موقع پر نہ پہنچنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے روڈ بلاک کر دیا اور احتجاجی دھرنا دیدیا ۔ تفصیل کیمطابق جلہ جیم روڈ پر واقع بستی غریب آباد کا رہائشی محمد رمضان چیمہ گذشتہ روز وفات پا گیا اہل علاقہ 11 بجے دن نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میت کو دفنانے کے بعد فوتیدگی والے گھر واپس پہنچے اس دوران معمولی تلخ کلامی پررائو عدنان، عرفان اپنے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ آ گیا اور آتے ہی متوفی کے رشتہ داروں پر حملہ کر دیا مکوں ڈنڈوںا ور خنجروں سے پے در پے وار کر کے 5افراد کو شدید زخمی کر دیا اس دوران حملہ آوروں نے ہوائی فائرنگ بھی کی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا اس بارے اہل علاقہ نے وقوعہ کے وقت فوری طو ر پر پولیس کو اطلاع دی لیکن پولیس 2 گھنٹے تک موقع پر نہ پہنچی جس پر اہل علاقہ مشتعل ہو گئے اور شدید زخمیوں کے ہمراہ جلہ جیم میلسی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا اور پولیس کیخلاف زبردست نعرے بازی کرتے رہے بعد ازاں ایس ایچ او تھانہ سٹی خرم اسرار نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو فوری قانونی کاروائی کی یقین دہانی کروائی جس پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا بعد ازں معلوم ہوا ہے کہ بااثر شخصیات کی مداخلت پر فریقین میں صلح کرا دی گئی اور پولیس نے بھی ہوائی فائرنگ اور شدید زخمی افراد کی موجودگی کے باوجود حملہ آوروں کیخلاف کوئی کاروائی نہ کی ۔