بین الاقوامی سرمایہ کارراوی منصوبے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں:ایس ایم عمران
لاہور (خصوصی نامہ نگار) راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے کے ترجمان ایس ایم عمران نے بتایا ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کاراور کمپنیاں راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کررہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن نے منصوبہ شراکت کیلئے پیشکش کی ہے۔ چین کی کمپنی( سی آر بی سی )جوکہ 2014ء سے راوی اربن ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ میں دلچسپی رکھتی ہے، نے اپنے طور پر منصوبہ کی فزیبلٹی رپورٹ بھی بنائی ۔ کمپنی کے جنرل منیجر نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسرعمران امین کو ایک مراسلے میں لکھا ہے کہ وہ روڈا پراجیکٹ کے سفائر زون میں 2300کلو میٹر کا منصوبہ تیار کرنے کے لئے اپنی آفر پیش کرتی ہے۔ روڈا اتھارٹی ہماری اس پیشکش کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں کام کرنے کا موقع دے ۔