مظفرگڑھ، چینی اور مرغی کا گوشت مہنگا، شہری پریشان
مظفرگڑھ(نامہ نگار)یوٹیلٹی اسٹورز پر 20 روز سے چینی غائب ہے،اوپن مارکیٹ میں چینی 95 روپے کلو تک پہنچ گئی،جبکہ مرغی کا گوشت 380 روپے فی کلو ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے.تفصیلات کیمطابق شہر میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر گزشتہ 20 روز سے چینی غائب ہے،سستی چینی کے حصول کے لیے شہری یوٹیلیٹی اسٹورز کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں.دوسری جانب یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چینی کی سپلائی نہ ملنے کے باعث سٹوروں پر چینی میسر نہیں،جبکہ اوپن مارکیٹ میں چینی مہنگے داموں 95 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آرہا،ادھر مرغی کے گوشت کے نرخ بھی شہریوں کی پہنچ میں نہ آسکے،مظفرگڑھ شہر میں مرغی کے گوشت کی قیمت 380 روپے فی کلو تک میں فروخت کی جاری ہے،جبکہ مرغی کے گوشت کا سرکاری نرخ 327 روپے فی کلو ہے.مرغی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔