حکومت ایف بی آر میں اصلاحات کیلئے ایک قدم نہ بڑھا سکی :عامر قدیر
لاہور( کامرس رپورٹر)چیئرمین ریو نیو ایڈوائزر ایسوسی ایشن عامر قدیر نے کہا ہے کہ حکومت دعوئوں اور نعروں کے باوجود ایف بی آر میں اصلاحات کے لئے ایک قدم بھی نہیں بڑھا سکی بلکہ مزید پیچیدگیاں پیدا ہونے سے ٹیکس دہندگان کی مشکلات میں اضافہ ہو اہے ،جو پہلے12 لاکھ پر 2ہزار ٹیکس دیتے تھے اب وہ60 ہزار ٹیکس ادا کر رہے ہیں،12 لاکھ والی گاڑی اب 18 لاکھ میں مل رہی ہے لیکن آمدن میں ٹیکس آمدن میںکوئی اضافہ نہیں ہو رہا۔ ٹیکس کنسلٹنٹس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عامر قدیر نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے پی ٹی آئی کا دعویٰ تھا کہ ٹیکسز کی تعداد اور ریٹس کو کم کیا جائے گا لیکن اس کے برعکس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسیشن کے نظام میں بھی انصاف نہیں ہے اور جو خاموشی سے ٹیکس دے رہا ہے اس پر مزید بوجھ ڈالا جارہا ہے اور یہ پالیسی زیادہ دیر نہیں چل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے منشورمیں 45 بار ٹیکس اصلاحات کی بات کی گئی ہے جس پر ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔