ہائیکورٹ حملہ کیس، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر و تفتیشی افسر کو جے آئی ٹی سے معاونت کی ہدایت
اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے ہائیکورٹ حملہ کیس میں گرفتار وکلا نوید ملک اور نازیہ بی بی کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری پر صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری حسیب محمد اور تفتیشی افسر کو جے آئی ٹی سے معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزاران کی طرف سے صدر ہائیکورٹ بار چوہدری حسیب محمد اور رضوان عباسی ایڈووکیٹ کے علاوہ دیگر وکلا اور تفتیشی افسر انسپکٹر جابر عدالت پیش ہوئے، عدالت نے استفسار کیاکہ کیس کی کیا پوزیشن ہے جس پر سرکاری وکیل نے بتایاکہ فریق ایک کی سی ڈی آر اور دیگر شواہد موجودہیں،عدالت نے استفسارکیاکہ خاتون وکیل کا کیاسٹیٹس ہے اس پر سرکاری وکیل نے کہاکہ فریق ایک تک ہی نوٹس ملاتھا جس کا ریکارڈ موجودہے جبکہ فریق 3کا ریکارڈ موجود نہیں ہے، جس پر عدالت نے کہاکہ نوٹس تمام کی طرف سے تھا، اس موقع پر عدالت کو بتایاگیا کہ دو وکلا کو ڈسچارج کیا جا چکا ہے، اس پر عدالت نے مذکورہ بالا ہدایات کے ساتھ کیس کی سماعت ایک ہفتہ تک کیلئے ملتوی کردی۔