پاکستان کا تحفظ کرنے والی قوتوں کیخلاف سازشیں کرنے والوں کو روکنا آتا ہے: طاہر اشرفی
فیصل آباد (آن لائن) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی، مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کا تحفظ کرنے والی قوتوں کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں مگر ہمیں سازشیں کرنے والوں کو روکنا آتا ہے۔ جبکہ ماضی میں جنہوں نے ختم نبوت پر شب خون مارا اب وہ عمران خان کی وجہ سے ختم نبوت کی بات کرتے ہیں۔ مگر آج مدرسہ، مسجد اور ختم نبوت محفوظ ہے۔ یہی و جہ ہے کہ تمام علما پاکستان کی موجودہ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ فیصل آباد آرٹس کونسل میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علماء کرام پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کی مذہبی، دینی، نظریاتی، اخلاقی، انسانی اساس کے محافظ ہیں جو ختم نبوت کو اپنے ایمان کا لازمی جزو قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف کسی سازش کو برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں ختم نبوت کا کیس لڑا۔ اس لئے وہ شاباش کے مستحق ہیں۔ کیونکہ انہوں نے اقوام عالم پر واشگاف الفاظ میں واضح کردیا ہے کہ اس حوالے سے ہم کوئی ہرزہ سرائی یا گستاخی برداشت کرنے کو تیار تھے نہ ہیں اور نہ ہوں گے۔ بلکہ اس ضمن میں اغیار کی سازشوں کا ہر پلیٹ فارم پر منہ توڑ جواب دیا جا ئے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایسا ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ عمران خان ایک ایک حاکم کو خط لکھ رہا ہے کہ ختم نبوت پرسب مسلم اکٹھے ہوجائیں۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم فوج کی بات کرتے ہیں تو مخالفین کو بہت تکلیف ہوتی ہ۔ے حالانکہ یہ فوج ہی ہے جس کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔