عالمی طاقتیں جب تک نہیں چاہیں گی پاکستان گرے لسٹ میں رہیگا : اقتصادی ماہرین
لاہور (احسن صدیق) اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے جتنے اقدام کئے ہیں اس سے کوئی شبہ نہیں کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے۔ لیکن انٹر نیشنل اسٹیبلشمنٹ جب تک نہیں چاہے گی تب تک پاکستان گرے لسٹ سے نہیں نکل سکتا۔ وفاقی وزارت خزانہ کے سابق مشیر ڈاکٹر اشفاق ایچ خان نے کہا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے جتنے اقدام کئے ہیں اس سے کوئی شبہ نہیں کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے۔ پاکستان کی پرفارمنس بہت اچھی رہی۔ بے انتہا اقدام کئے لیکن یہ ایک سیاسی معاملہ ہے۔ عالمی طاقتیں جب تک نہیں چاہیں گی تب تک پاکستان گرے لسٹ میں رہے گا۔ انٹر نیشنل اسٹیبلشمنٹ پاکستان کو آئی ایم ایف کے پروگرام میں رکھنا چاہتی ہے۔ اس لئے وہ پاکستان پر گرے لسٹ کی تلوار لٹکائے رکھے گی۔ انکو خطرہ ہے کہ کہیں پاکستان اس سے نکل نہ جائے۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی نے کہا کہ پاکستان نے عملی طو رپر ایف اے ٹی ایف کے تمام تحفظات کو دورکرنے کیلئے موثرانداز میں کا م کیا۔ لیکن بھارت اس کے ایشیاء پیسفک گروپ کا وائس چیئرمین ہے۔ پاکستان کو اس پر سخت اعتراض کرنا چاہیے تھا کیونکہ بھارت اس میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کر رہا ہے۔ بھارت نے اس میں سیاست ڈال دی ہے۔ وہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو کچل کر ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کسی صورت بلیک لسٹ میںنہیں ڈالا جا سکتا۔ اصل مسئلہ صرف یہ ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیرکوخراب کرنے کے لئے یہ سارے اقدامات کر رہا ہے۔ معروف ماہر اقتصادیات ڈاکٹر قیس اسلم نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف منی لانڈرنگ کے خلاف بلکہ ٹیررسٹ فنانسنگ کے سدباب کے لئے بھی انتہائی مئوثر انداز میں اقدامات کئے۔ تاہم ڈرگ فنانسنگ کی روک تھام کے لئے بھی سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔