قطری مندوب کی ملاقات:امریکہ طالبان معاہدے کیلئے قطر کی کاوشیں قابل قدر: شاہ محمود
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+نامہ نگار) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کو اسکے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں ،اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک، ہمسایوں کے ساتھ معاندانہ رویے، اور بین الاقوامی رائے عامہ کو بگاڑنے کے جرائم کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت کو پاکستان کے خلاف جھوٹے پراپیگنڈے کی تشہیر سے روکا جائے۔ اس وقت تک اپنی کاوشیں بروئے کار لاتے رہیں گے جب تک بھارت کو ان جرائم کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاتا۔ گزشتہ روز انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز اسلام آباد میں ای یو ڈس انفولیب رپورٹ کے حوالے سے منعقدہ ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بدنام کرنے کی اس منظم سازش کا نوٹس لے ۔ دریں اثناء چیئرمین کریسنٹ آرٹ گیلری ناصر جاوید کی قیادت میں وفد نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ ارکان وفد نے وزیر خارجہ کو پاکستان کے معروف آرٹسٹ تصدق سہیل مرحوم کی شہرہ آفاق پینٹنگز کا شائع ہونیوالا مجموعہ بھی پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔ پاکستانی آرٹسٹوں کی شہرہء آفاق پینٹنگز کو متعارف کروانے میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ارکان وفد نے وزیر خارجہ کو خصوصی طور پر بنایا گیا، ان کا پورٹریٹ بھی پیش کیا۔قطر کی وزارت خارجہ کے خصوصی مندوب ڈاکٹر مطلق بن ماجدنے وزیر خارجہ سے ملاقات میں افغان عمل،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا،شاہ محمود نے امریکہ طالبان مذاکرات کیلئے قطر کی کاوشوں کو سراہا اور کہا دونوں ممالک نے افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار ادا کیا،فوجی حل نہیں افغان مسئلہ مذاکرات سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ امن معاہدہ اور مذاکرات قطر کی کوششوں کا ثمر ہے،ایسے عناصر پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے جو افغان امن عمل کو سبو تاژ کرنے کے در پے ہیں،خطے میں استحکام کے لئے بین الافغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھیں گے۔