برطانیہ: کرونا کے 54 فیصد مریضوں میں دل کو نقصان پہنچنے کا انکشاف
لندن (این این آئی) نئے کرونا وائرس سے ہونے والی بیماری کے نتیجے میں ہسپتال میں زیرعلاج رہنے والے50 فیصد سے زیادہ افراد میں ڈسچارج کے بعد دل کو نقصان پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں دریافت کی گئی۔ لندن کالج یونیورسٹی کی اس تحقیق میں کرونا کے نتیجے میں سنگین حد تک بیمار ہوکر لندن کے6 ہسپتال میں زیرعلاج رہنے والے148 مریضوں کو شامل کیا گیا تھا۔ ان تمام مریضوں میں ایک پروٹین ٹروپونین کی سطح میں اضافے کو دیکھا گیا جو خون میں اس وقت خارج ہوتا ہے جب دل کے پٹھوں کو انجری کا سامنا ہوتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ کووڈ19 کے ہسپتال میں زیرعلاج رہنے والے بیشتر مریضوں میں اس وقت ٹروپونین کی سطح میں اضافے کو دیکھا گیا جب ان میں بیماری کی شدت بہت زیادہ بڑھ گئی اور جسم کی جانب سے بیماری کے خلاف مدافعتی ردعمل بہت زیادہ متحرک ہوگیا۔ ان مریضوں کے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے ایک ماہ بعد دلوں کے ایم آر آئی سکینز کیے گئے اور معلوم ہوا کہ 54 فیصد افراد کے دلوں کو نقصان پہنچا ہے۔