کراچی کو منصوبے کے تحت بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے‘ علامہ رضی حسینی
کراچی (نیوز رپورٹر) تحریک لبیک پاکستان کراچی ڈویژن کے امیر علامہ رضی حسینی نے کراچی کے اضلاع سے آئے ہوئے ضلعی امراء کے خصوصی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے۔مگر باقاعدہ منصوبے کے تحت کراچی کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔پچھلی حکومتوں بالخصوص پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے مسلسل کراچی کی آبادی کو کم دکھانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ پیپلز پارٹی درست مردم شماری کی صورت میں کراچی شہر کی قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کے سبب ہونے والی زبردست نمائندگی سے خوفزدہ ہے۔انہوں نے دیگرجماعتوں پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ کچھ جماعتوں نے کراچی کی مردم شماری کو لسانیت کی بھینٹ چڑھانے کی ناکام کوشش کی ہے جس کی ہم سختی سے مذمت کرتے ہیں۔اہل سندھ بیدار ہو چکے ہیں۔