پاکستان مخالفین کے تانے بانے سرحد پار ملتے ہیں ، ثروت قادری
کراچی (نیوز رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان مخالف سوچ ابھارنے والوں کے تانے بانے سرحد پار سے ملتے ہیں ،پاک فوج نے آپریشن ردالفساد کرکے دہشتگردی کو کمزور اور ملک مخالف سوچ رکھنے والوں کا ہر محاذ پر قلع قمع کیا ہے ،آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں اور چار سال مکمل ہونے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، دہشتگردی کے خلاف شہید ہونیوالے پاک فوج کے افسران وفوجی جوانوںکی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے ،نشترپارک میں ہونیوالی کانفرنس ملک دشمن قوتوں کے خلاف سنگ میل ثابت ہوگی ،کارکنان نشترپارک میں ہونے والے جلسے کی بھرپور کامیابی کیلئے عوامی رابطہ مہم تیز کردیں ،13مارچ کو نشترپارک میں عوام کا سمندر ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر کراچی کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے رکن محمد آفتاب قادری ،محمد طیب قادری اور کراچی ڈویژن کے عہدیداران بھی موجود تھے ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک مستحکم کرنا ہے تو ہر محب وطن کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا ،ملک کی سلامتی اور دہشتگردی کے خلاف جدوجہد کرتے رہینگے ، آقا کریم ﷺ کا نظام ملک وقوم ترقی وخوشحالی کیلئے مشعل راہ ہے ،پاکستان کا استحصال کرنیوالوں نے ملک کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کیلئے لسانیت اور انتہاپسندی کو فروغ دیا ،دین اسلام مساوات کاحکم اور سب کو برابر کے حقوق فراہم کرنے کا درس دیتا ہے ۔