پیف پارٹنر سکولوں کو 1ارب 10کروڑ روپے جاری
لاہور (لیڈی رپورٹر ) پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ایم ڈی پیف اسد نعیم کی ہدایت پر پارٹنر سکولوں کو 1ارب10کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں، یہ پیمنٹ پارٹنر سکولوں کو ما ہ دسمبر 2020کی جاری کی گئی ہیں ۔مزید برآں 18فروری کو ہونے والے اہم اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پارٹنر سکولوں کی سفارشات پر dropout بچے، نئے داخل ہونے والے اور ایسے بچے جن کا نادرا کے ذریعے اکتوبر 2020میں تصدیقی عمل مکمل ہو چکا ہے ان تمام بچوں کے بقایا جات کی مد میں 1ارب 80کروڑ روپے کی منظوری بھی دے دی ہے ۔ جیسے ہی فنڈز فنانس ڈیپارٹمنٹ سے موصول ہوتے ہیں پارٹنر سکولوں کو تمام بقا یا جات ، جنوری اور فروری 2021کی ادائیگیاں بھی کر دی جائیں گی۔ اس موقع پر ایم ڈی پیف اسد نعیم نے بتایا کہ ستمبر تا نومبر 2019میں ہونے والی مانیٹرنگ کے حوالے سے پارٹنر سکولوں کے بقایا جات کی ادائیگی بھی اُسی تاریخ سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس تاریخ سے سکولوں کی پیمنٹ روکی گئی تھی۔