بجلی چوروں کیخلاف آپریشن مزید تیز کیا جائے:چیف ایگزیکٹولیسکو
لاہور(نیوزرپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی( لیسکو )کے چیف ایگزیکٹوچودھری محمد امین نے لیسکو کے نادرن سرکل کا دورہ کیا جہاں افسران سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن پہلے سے بھی تیز تر کیا جائے اور اگرکوئی بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا جائے تو فی الفور ایف آئی آر درج کراکر موقع پر ڈیٹیکشن بل چارج کیا جائے ۔چیف ایگزیکٹو لیسکو کے نادرن سرکل کے دورے کے موقع پر ایس ای نادرن سرکل فواد خالد نے سرکل کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر سی ایس ڈی بشیر احمد، سرکل کے تمام ایکسئینز ، ایس ڈی اوز ، ڈی سی ایم اور آر اوز بھی موجود تھے۔۔ چیف ایگزیکٹوچودھری محمد امین کا کہنا تھا کہ تمام افسر ریکوری کے لئے طے کردہ اہداف کے حصول کو ہر ممکن حد تک یقینی بنائیں ۔ ان کے مطابق پرائیوٹ نادہندگان سے ریکوری کے ساتھ گورنمنٹ کے وہ ادارے جو لیسکو کی بجلی استعمال کررہے ہیں ان سے بھی بلوں کی ادائیگی کوہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ایس ای نادرن فوادخالد نے سرکل میں مختلف مقامات پر جاری سالانہ ترقیاتی اور مرمتی کاموںسے متعلق بھی بریفنگ دی۔لیسکو چیف کا کہنا تھا کہ مینٹیننس کے کاموں میں کسی بھی طرح کوتاہی نہ برتی جائے تاکہ گرمیوں کے دوران ہمارے معزز صارفین کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔