کویت نے ایران میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد ایران کیلئے فلائٹ آپریشن بند کردیا۔
خلیجی خبر رساں ادارے کے مطابق کویت کی قومی فضائی کمپنی نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کر رہی ہے۔ ٹویٹر پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے اندیشوں کے بیچ کویت کی وزارت صحت اور شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی کی ہدایات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
کویت کی بندرگاہوں نے کرونا وائرس کے سبب ایران کے لیے سمندری آمد ور رفت کا سلسلہ بھی روک دیا ہے۔ اس سے قبل جمعرات کے روز عراقی فضائی کمپنی نے ایران کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دینے کا اعلان کیا تھا۔
ایرانی وزارت صحت نے بتایا تھا کہ بدھ کے روز جن 3 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی وہ سانس کے نظام میں مسائل کے سبب فوت ہو گئے۔ وزارت صحت کے مطابق جمعرات کے روز کرونا کے 3 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ اس طرح ایران میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔
بی بی سی (فارسی سروس) نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے شبہے میں 25 افراد کو ایران کے شہر قُم میں ایک اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا ہے۔
قُم میں متعدد فارمیسیوں نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران چہرے کے حفاظتی ماسکوں کے ختم ہو جانے کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح حکام نے قُم صوبے میں تمام اسکولوں اور جامعات کو بند کر دینے کی تصدیق کی ہے۔ یہ بات ایرانی طلبہ کی خبر رساں ایجنسی “آئی ایس این اے” نے بتائی۔