بھارت نے حملہ کیا تو تمام قرضے یک مشت چکا دیں گے,زرداری کا تحریک چلانے والا فیوز اڑ چکا:شیخ رشید
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارت نے حملہ کیا تو تمام قرضے یک مشت چکا دیں گے ، زرداری کا تحریک چلانے والا فیوز اڑ چکا،شہباز شریف کے سوا کسی کوڈیل یا ڈھیل کرتے نہیں دیکھا۔لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرداری کا تحریک چلانے والا فیوز گھوما ہوا ہے حالانکہ آغا سراج درانی کی گرفتاری پر کسی مکھی نے بھی پر نہیں مار ا، ریلوے نے گذشتہ 4ماہ کے دوران 2 ارب 40کروڑ روپے کا منافع حاصل کیا ہے، ہم نے اپنے خرچے کم کرکے ریلوے کی آمدن میں اضافہ کریں گے، فریٹ ٹرین میں 5بوگیوں کااضافہ کردیا ہے، ہم ملک بھر میں فریٹ ٹرین کا جال بچھانے کا فیصلہ کیا ہے، ریلوے کی تمام اراضی کو کمپیوٹرائزڈ کردیا ہے، اب عوام ریلوے اراضی کی تفصیلات موبائل فون پردیکھ سکیں گے، ہم نے 2ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، جناح ایکسپریس لاہور سے کراچی نان سٹاپ چلے گی، جناح کے بعد سرسید ٹرین کو لائیں گے، وزیراعظم نے نئی پوسٹوں کے لئے بھرتی کی اجازت دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں عقل مندوں کا لیڈر ہوں اور بے وقوفوں کے لیڈر ضمانتوں پر ہیں، میں نے کہا تھا کہ شہباز شریف کے سوا کسی کو ڈیل یا ڈھیل کرتے نہیں دیکھا، شریف برادران اقتدار میں ہوتے ہیں تو سب اچھا ہوتا ہے، نواز شریف اقتدار سے اترتے ہی بیمار ہوجاتے ہیں، یہ ڈھونڈ کر ایسی بیماری نکالتے ہیں جس کا علاج برطانیہ میں ہی ہو، نوازشریف کو کھلی فضا چاہیے تو لال حویلی کی چھت کھلی ہے، آصف زرداری کا تحریک چلانے والا فیوز گھوما ہوا ہے حالانکہ آغا سراج درانی کی گرفتاری پر کسی مکھی نے بھی پر نہیں مارا۔ انہوں نے 40 سال سے ملک پر قبضہ کر رکھا ہے، والدین نے بچوں کو پتا چلنے ہی نہیں دیا ان کے نام پر کتنی حرام کی دولت ہے، زرداری کہتے ہیں ان کا کیس کراچی اور ن لیگ چاہتی ہے لاہور میں سناجائے، کراچی اور لاہور میں کیس سننے کی بات میں کوئی تو وجہ ہوگی۔ بلاول سے میری صلح ہوگئی ہے، اس نے معذرت کرلی ۔پبلک اکائونٹس کمیٹی کی رکنیت کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ میں پی اے سی کا رکن ہوں، میرا کیس تیار ہے جس دن میں چاہوں گا کمیٹی میں جائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اخبارسے پتہ چلا کہ ایل این جی معاملے پر نیب نے مجھے طلب کیا ہے، نیب نے مجھے 27 فروری کو طلب کیا ہے،اس وقت میں پاکستان میں نہیں ہوں گا، وزیر ہونے کی حیثیت سے وزیر اعظم سے مشاورت کروں گا۔پاک بھارت کشیدگی پر وفاقی وزیر نے کہا کہ نریندر مودی آر ایس ایس کا دہشت گرد ہے، اس کی وجہ سے کشمیر کا مسئلہ ایک بار پھر زندہ ہوگیا ہے وہ 4 ریاستوں میں الیکشن ہارنے کے بعد پاکستان سے پنگا لینے کی کوشش کررہا ہے، مودی نے جنگ کے لئے 70 فیصد تک حالات پیدا کیے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے تینوں فوج کو تیار رہنے کی اجازت دے دی ہے، بھارت نے حملہ کیا تو تمام قرضے یک مشت چکادیں گے، پھر بھارت میں نہ چڑیا چہکے گی اور نہ ہی مندروں میں گھنٹیاں بجیں گی۔انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی وزیراعظم عمران خان سے دوستی لازوال ہے.