انٹر بورڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن کا چھاپہ‘ ریکارڈ قبضے میں لے لیا
کراچی (نیوز رپورٹر ، کرائم رپو رٹر )محکمہ اینٹی کرپشن نے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میںچھاپہ مار کر سالانہ امتحانات 2018ء سمیت دیگر ریکارڈ قبضہ میںلے لیا جبکہ انٹر بورڈ کے شعبہ اکائونٹس میں بھی خرد برد کا انکشاف ہوا ہے ۔ جمعہ کو محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم انٹر بورڈ کراچی میں دوپہر ایک بجے 5گاڑیوں میں داخل ہوئی اور فوری طور پر بورڈ کے آئی ٹی سیکشن ، پری میڈیکل سیکشن اور پری انجینئرنگ سیکشن کے اندر داخل ہو کر امتحانی ریکارڈ قبضے میں لے لیا ۔ذرائع نے بتایا کہ نتائج تبدیلی اور اسکروٹنی میں فیل طلباء کوبڑی تعداد میں پاس ہونے کی شکایات پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ بورڈ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کے اہلکاروں نے سالانہ امتحانات 2018ء کی کاپیوں کی فوٹو اسٹیٹ کروائی ہے تاکہ اسکروٹنی کے عمل میں ردو بدل کی جو شکایات موصول ہوئی ہیں اُس کی تفتیش ہوسکے۔ دریں اثناء کرائم رپو رٹر کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ امتحا نی نتائج چیئرمین انٹربو رڈ انعام احمد کی اجا زت سے تبدیل کئے گئے اس سلسلے میں اینٹی کرپشن ٹیم چیئر مین بو رڈ انعا م احمد سے تفتیش کر رہی ہے جبکہ نتائج تبدیل کر نے والے اسا تذہ کوبھی شامل تفتیش کیا جا ئے گا۔