تاریخی سندھ مدرستہ الاسلام کی زمین کا ہر محاذ پر دفاع کرینگے‘جسٹس آغا رفیق
کراچی(نیوزرپورٹر) سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ نے فیصلہ کیاہے کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی زمین کا مکمل دفاع کیا جائے گااور تاریخی ادارے کی زمین پر قابض عناصر کے خلاف عدالت سمیت ہر محاذ پر قانونی چارہ جوئی جاری رہے گی۔ اس حوالے سے سینڈیکیٹ اراکین نے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کواختیار دے دیا کہ وہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی زمین واگزار کرانے کیلئے بہترین وکلا کی خدمات حاصل کریں۔اراکین نے کہا کہ کالج کے پاس قبضے میں جو زمین ہے وہ قیام پاکستان سے قبل1885 سے قانونی طور پر سندھ مدرستہ السلام یونیورسٹی کی ملکیت ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کی صدارت میں ہونے والے سینڈیکیٹ اجلاس میں سابق چیف جسٹس شریعت کورٹ جسٹس (ر) آغا رفیق احمد خان، ڈاکٹر ثمرین عاصم حسین، جامعہ کراچی کے سابق قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر عبدالرشید ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن سندھ کے ڈائریکٹر نور محمد شاہ اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔اراکین نے حال ہی میں سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی زمین واگزار کراکر اس پلاٹ پر دو ایس ایم آئی یو ٹاورز تعمیر کرانے پر پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کوانکی خدمات اور ادارے کی ترقی کیلئے کوششوں پر قرار داد کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا۔اجلاس میں سینڈیکیٹ اراکین نے اسکالرز کی عالمی تنظیم کی جانب سے ڈاکٹر محمد علی شیخ کو عالمی اسکالر ز کے طور پر منتخب کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور ڈاکٹر محمد علی شیخ کواس اعزاز پر مبارکباد پیش کی۔ اراکین سینڈیکیٹ نے سلیکشن بورڈ کی سفارشات اور انتخاب کی منظوری دی۔اس موقع پر سینڈیکیٹ اراکین نے ایس ایم آئی یو کے سلیکیشن بورڈ کے رکن جسٹس (ر) دیدار حسین شاہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی ۔