طو فانی بارشو ںسے نقصانات پر دل افسردہ ہے ، محمد حسین محنتی
کراچی(نیو ز رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے ملک بھر میں تیز بارشوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں واملاک کے نقصان پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد وبحالی کے ساتھ مزید نقصانات سے بچنے کیلئے کرپشن فری اقدامات کرے، انہوں نے آج ایک بیان میں متاثرہ خاندانوںسے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارش اللہ کی رحمت ہوتی ہے مگر حکمرانوں کی نااہلی اور ہماری بداعمالیوں کی وجہ سے زحمت وانسانوں کیلئے دھرے عذاب کا سبب بن جاتی ہے، بارش اور نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے سندھ کے کئی شہروں کے روڈوں پر پانی تالاب کی شکل میں کھڑا ہے جس کی وجہ سے آمدرفت میں تکلیف، مچھروں کی بہتات اور بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ہے ،سندھ کے شہر پہلے ہی بلدیاتی اداروں کی نااہلی ،کرپشن اور گٹر ابلنے کی وجہ سے کچرا کنڈی میں تبدیل ہوچکے ہیں رہی سہی کسر حالیہ بارش نے پوری کردی۔صوبائی امیر نے جماعت اسلامی والخدمت رضاکاروں کو ہدایات دیں کہ وہ حسب حال اپنے بارش متاثرہ بھائیوں کی امداد وبحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔