پاک فوج کے شانہ بشانہ بھارتی جارحیت کا مقابلہ کریں گے،رضی حسینی
کراچی (نیوز رپورٹر) امیرکراچی تحریک لبیک پاکستان علامہ رضی حسینی نقشبندی نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کی صورت میں شیخ الحدیث علامہ حافظ خادم حسین رضوی کے شاہین صفت کارکنان پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کا مقابلہ کریں گے۔ بھارتی جارحیت اور دھمکیوں کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے اور سرحدوں پر پاک وطن کی حفاظت کرنے والے سپاہیوں سے اظہاریکجہتی کیلیے تحریک لبیک پاکستان کے زیرِاہتمام اتوار دوپہر ڈھائی بجے بہادرآباد چورنگی تا مزارِ قائد عظیم الشان ’’بھارت مردہ باد ریلی‘‘ نکالی جائے گی۔ ہم کریک ڈاؤن کے دوران بھی پاکستان زندہ باد اور لبیک کے نعرے لگاتے ہوئے جیلوں میں گئے۔ ہم نے جیل پہنچ کر بھی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔ علامہ رضی حسینی نے مزید کہا کہ حکومت نے ملک دشمن قوتوں اور لبرل لابی کو خوش کرنے کے لیے تحریک لبیک کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، ہزاروں علماء و مشائخ کو گرفتار کیا، لیکن آج بھی لبیک والے پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جبکہ لبرل لابی ملک دشمن قوتوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ محبِ وطن عالمِ دین شیخ الحدیث علامہ حافظ خادم حسین رضوی کو فوری رہا کیا جائے کیونکہ ، گزشتہ تین ماہ میں شیخ الحدیث علامہ خادم حسین رضوی پر لگا ایک الزام بھی درست ثابت نہیں ہوا۔