تعلیمی پالیسی نیو ڈیل 2018 ء
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے محکمہ سکول ایجوکیشن کے زیر اہتمام نئی تعلیمی پالیسی ’’دی نیو ڈیل 23-2018 ‘‘ کا اعلان کر دیا ہے۔ ’’دی نیو ڈیل 23-2018 کی افتتاحی تقریب سے عثمان بزدار نے خطاب میں کہا کہ پورے پاکستان میں تعلیم ایسا شعبہ ہے جسے گزشتہ 7 دہائیوں سے وہ اہمیت نہیں دی گئی جس کا یہ شعبہ متقاضی ہے۔
’’دی نیوڈیل‘‘ کے تحت پرائمری لیول تک قومی زبان اردو میں تعلیم دی جائے گی اور ’’دی نیو ڈیل‘‘ کے تحت انگریزی کو بطور اختیاری مضمون پڑھایا جائے گا۔ مڈل لیول پر سائنس ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی کے رجحانات متعارف کرائے جائیں گے۔ ماضی میں حکومتیں شرح خواندگی میںاضافے کے لیے کئی پالیسیاں بناتی اور اقدامات اٹھاتی رہیں مگر شرح خواندگی کبھی قابل رشک نہیں رہی، اس کی ایک وجہ طبقاتی نظامِ تعلیم بھی ہے۔ تحریک انصاف طبقاتی نظام کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے۔ شرح خواندگی میں اضافہ اور بامقصد تعلیم کا حصول اسی صورت ممکن ہو سکتا ہے جب تعلیم سستی ہو گی، سستی تعلیم کا سب سے بڑا ذریعہ سرکاری سکول ہیں۔ ان کی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور پنجاب حکومت کے اقدامات سے بہتری کی اُمید کی جا سکتی ہے۔ دی نیو ڈیل اس مقصد کے لیے بہتر نتائج کی حامل پالیسی ہو گی۔ انصاف آفٹر نون منصوبہ بھی روبہ عمل ہے جس سے سکولوں سے باہر رہ جانے والے بچے بھی زیورِ تعلیم سے آراستہ ہو سکیں گے۔