اندھیرنگری چوپٹ راج
مکرمی! آپ کے روزنامہ کی وساطت سے وزیراعظم و چیف جسٹس آف پاکستان کی توجہ اس اہم مسئلے کی طرف کروانا چاہتا ہوں۔ ہمارے ایلیمنٹری سکول واقع ننگلیاں میں جنوری 2019ء کے بل میں 7085 روپے بل ایڈجسٹمنٹ کے ڈال دیئے گئے ہیں۔ جب متعلقہ محکمے سے اس کے بارے میں شکایت کی تو انہوں نے کہا کہ آپ کا بل چونکہ سابقہ چند ماہ میں کم آیا تھا اور اب بل زیادہ آیا ہے۔ یعنی اس ماہ کے یونٹ زیادہ چلے ہیں اس لئے سابقہ ماہ کی ایوریج نکال کر وہ بھی بل میں شامل کر دی گئی ہے۔ تبدیلی اس کو کہتے ہیں کہ جو بھی زیادتی ہو‘ اس کو چپ کرکے برداشت کرتے جائو۔ ہمارے ادارے نے کوئی بجلی چوری نہیں کی ہے جبکہ سابقہ مہینوں میں سکولوں میں چھٹیاں تھیں۔ اس لئے یونٹ تو کم ہی چلنے تھے۔ پھر بعض دفعہ بچے سردیوں میں دھوپ میں بیٹھ کر تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ اس طرح بھی بجلی کے کم یونٹ استعمال ہوتے ہیں۔(محمد اقبال۔ پسرور)