گیس کے بھاری بھرکم بل
مکرمی! موجودہ ماہ محکمہ گیس نے میانوالی شہر کے غریب محنت کشوںپر گیس بم گرا دیئے ہیں۔ سابقہ مہینوں میں جس صارف کا ماہوار بل ایک ہزار روپے سے بھی کم آتا تھا‘ اس ماہ ان کا بل ہزاروں روپے آگیا ہے۔ ان بلوں نے میانوالی شہر کے ہزاروں لوگوں کا بُرال حال کر دیا ہے۔ عوام میں بے حد تشویش پائی جاتی ہے۔ حکومت نے گزشتہ مہینوں گیس کے بے تحاشا نرخ بڑھا دیئے تھے۔ علاوہ ازیں محکمہ نے گیس کی چوری غریب عوام پر بلا جواز ڈال دی ہے۔ ایم ڈی سوئی گیس اور وفاقی وزیر پٹرولیم قدرتی وسائل سے پرزور مطالبہ ہے کہ اس معاملہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور ان غیرقانونی بلوں کی درستگی کرا کے صارفین کو اس عذاب سے نجات دلائیں۔ اس سلسلہ میں ٹھوس اقدامات درکار ہیں۔
(سید لطف علی بخاری موچھ ضلع میانوالی)