ہائیکورٹ: پولیس کو پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو تنگ نہ کرنے کا حکم
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید کاظم رضا شمسی نے جہلم کے رہائشی پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو اپنی مرضی کی زندگی گزارنے کی اجازت دیتے ہوئے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ میاں بیوی کو پریشان نہ کرے۔ فاضل عدالت کے روبرو کائنات توقیر نے محمد عارف گوندل اور بلال حسن ایڈووکیٹس کی وساطت سے دادرسی اور پولیس کی جانب سے انہیں تنگ کرنے کے خلاف درخواست دی تھی۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کائنات توقیر نے اپنی مرضی سے آکاش سلیم سے شادی کی ہے جسے ایس ایچ او سول لائنز منڈی بہائوالدین اور ایس ایچ او ضلع جہلم کائنات توقیر کی فیملی کے ساتھ تعلقات ہونے کی وجہ سے دبائو ڈالنا شروع کیا کہ وہ ہر صورت آکاش سلیم سے طلاق لے۔