جنوبی پنجاب کے وکلاء کو حق رائے دہی سے محروم رکھنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ہائی کورٹ بار کے انتخابات میں جنوبی پنجاب کے وکلا کو حق رائے دہی سے محروم رکھنے کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ جسٹس عابد عزیز شیخ نے فضل کریم عوان کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ چیرمین الیکشن بورڈ لاہور ہائی کورٹ بار نے خلاف قانون جنوبی پنجاب کے تیرہ اضلاع کے ووٹرز کو حق رائے دہی سے محروم کر دیا ہے۔بار کی موجودہ قیادت نے بھی ان ہائوس اجلاس میں چیرمین الیکشن بورڈ کے فیصلے کی تائید کی ہے۔ ایک سے زائد بار کی ممبر شپ رکھنے والے ووٹرز کو حق رائے دہی سے محروم رکھنا قانون کے خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے وکلاء کی بحث کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔