پاک فضائیہ کی نقل‘ بھارت نے بھی خواتین لڑاکا پائلٹس کی بھرتی شروع کردی
نئی دہلی (آئی این پی)پاکستان کی فضائیہ میں خواتین پائلٹس کو شامل کیے جانے کے بعد بھارت کی فضائیہ نے بھی خواتین کو لڑاکا پائلٹس کی حیثیت سے شامل کرنا شروع کر دیا، بایوانی چترویودی انڈیا کی پہلی خاتون لڑاکا پائلٹ بن گئیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق انڈین فضائیہ کے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ 24 سالہ ایوانی نے رواں ہفتے مگ 21 لڑاکا طیارہ تیس منٹ تک اڑا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ انڈین فضائیہ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک خاتون کا لڑاکا پائلٹ بننا ملک کی مسلح افواج کی تاریخ میں ایک بڑا دن ہے۔ ایوانی چترویودی کا شمار انڈیا کی فضائیہ میں شمولیت اختیار کرنے والی پہلی خاتون پائلٹوں میں ہوتا ہے۔ انڈیا کی فضائیہ کی جانب سے سماجی رابطوں کی سائٹ ٹوئٹر پر بھی ایک تصویر جاری کی گئی ہے۔ ایوانی کے علاوہ دو مزید خاتون پائلٹس بھاونا کانتھ اور موہانا سنگھ کی بھی تربیت جاری ہے اور وہ جلد ہی لڑاکا طیارہ اڑائیں گی۔ خیال رہے کہ پاکستان کی فضائیہ میں اس وقت تقریبا 20 خاتون لڑاکا پائلٹس خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ پاکستان نے 2006 میں خاتون لڑاکا پائلٹوں کی بھرتی شروع کی تھی۔