سنٹر آف ایکسیلینس فار اولیو ریسرچ اینڈ ٹریننگ سنٹر کے قیام کیلئے معاہدے پر دستخط
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال اور یو ایس ایڈ پنجاب انیبلنگ انوائرمنٹ پراجیکٹ (PEEP) کے مابین سنٹر آف ایکسیلینس فار اولیو ریسرچ اینڈ ٹریننگ سنٹر (CEFORT) کے قیام کیلئے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ معاہدے کی رو سے اس سنٹر کے قیام کیلئے حکومت پنجاب 27 کروڑ 90 لاکھ روپے جبکہ یو ایس ایڈ کی جانب سے 1 کروڑ 35 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کی جائے گی۔ تقریب میں سلوت سعید، اسپیشل سیکرٹری ایگریکلچر مارکٹینگ، یو ایس ایڈ کی صوبائی ڈائریکٹرلی سوانسن، ڈاکٹر عابد محمود، ڈائریکٹر جنرل زراعت (ریسرچ) اور ڈاکٹر طارق، ڈائریکٹر بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ پنجاب موجود تھے۔ اس مو قع پر سلوت سعید، اسپیشل سیکرٹری ایگریکلچر مارکٹینگ نے کہا کہ سنٹر آف ایکسیلینس فار اولیو ریسرچ اینڈ ٹریننگ سنٹر (CEFORT) کا قیام زیتون کی پیداوار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کے تحت زیتون کے شعبہ میںسائنسی تحقیق بھی کی جائے گی اور اس کے ساتھ کاشتکاروں کو زیتون کی کاشت کے متعلق تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ سنٹر آف ایکسیلینس فار اولیو ریسرچ اینڈ ٹریننگ سنٹر (CEFORT) کا قیام حکومت پنجاب اور یو ایس ایڈ کی مشترکہ کوششوں کا غماز ہے۔ یو ایس ایڈ کی صوبائی ڈائریکٹر لی سوانسن نے کہا کہ حکومت پنجاب زیتون کے پیداواری علاقوں میں موجود سماجی اور اقتصادی بہتری کے موقعوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ اس سنٹر کے قیام سے بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال کو نہ صرف پراجیکٹ پر عملدرآمد کرنے میں معاونت ملے گی بلکہ نجی شعبے کیلئے روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔ باری چکوال میں قائم یہ سنٹر زیتون سے متعلقہ جدید تحقیق اور تکینکی معاونت فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ کسانوں اور زیتون کے کاروبار سے وابستہ افراد کو تربیت اور بزنس ڈویلمپنٹ سروسز بھی فراہم کرے گا۔