ٹی وائٹنر زہر قاتل ، صحت مند جانوروں کا تازہ دودھ استعمال کیا جائے
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ راولپنڈی کے زیراہتمام یونین کونسل گرجا میں ملاوٹ شدہ دودھ کے استعمال کے نقصانات کے بارے میں خصوصی تربیتی سیمینار منعقدہ ہوا جس میں ایڈیشنل پرنسپل ویٹرنری آفیسر نسیم فواد نے اس موقع پر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گرجا میں ڈبے کے دودھ کے نقصانات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ٹی وائٹنر زہر قاتل ہے ۔ہمیشہ ملاوٹ سے پاک صحت مند جانوروں کا تازہ دودھ استعمال کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ملاوٹ شدہ اورڈبے کے دودھ کے استعمال سے جسم کی نشوونما پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور ہارٹ اٹیک و گردے فیل ہونے کا باعث بن رہے ہیں اور ملاوٹ کے دودھ سے بیماریاں لاحق ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹی وائٹنر دودھ کے طور پر استعمال سے انسانی صحت کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے ۔سیمینار کے دوران ڈاکٹر مادحہ طارق نے محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ کی طرف سے دستاویزی فلموں کی شکل میں غذائی ماہرین اور ڈاکٹر کے پیغامات کی مدد سے لوگوں کو ملاوٹ شدہ دودھ کے نقصانات سے آگاہ کیا ۔ڈاکٹر جاوید منیر شاہ نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول گرجامیں طلباء کو ٹی وائٹنر کے نقصانات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ہمیشہ ملاوٹ سے پاک دودھ استعمال کیا جائے تاکہ بیماریوں سے تحفظ حاصل ہو سکے۔