گلگت بلتستان و آزاد کشمیر کی آئینی حیثیت کی تبدیلی قبول نہیں کرینگے، خالد ابراہیم
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر سردار خالد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ حکومتپاکستان نے گلگت بلتستان و آزاد کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی تو جموں کشمیر پیپلزپارٹی اسے قبول نہیں کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کی ایڈوائزری کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نشاط کاظمی ایڈووکیٹ، چیف آرگنائزر آصف گیلانی، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سردار رحیم اشرف، سیکرٹری اطلاعات نوید حیات خان، سردار محمود اقبال، سردار خورشید خان، سردار عاشق خان، تسلیم باغی، ابرار احمد یاد، عمیر پرویز، صدام نسیم شامل تھے۔ اس موقع پر سردار خالد ابراہیم خان نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر بشمول گلگت بلتستان کی اپنی ایک آئینی حیثیت ہے اور اپنا ایک تاریخی پس منظر و جدوجہد ہے۔ اس تاریخی پس منظر اور آئینی حیثیت کو اگر چھیڑا گیا تو اس کے تحریک آزادی کشمیر پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ جموں کشمیر پیپلز پارٹی اسے کسی صورت قبول نہیں کریگی۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے مرکزی عہدوں پر نامزدگی کردی گئی جن میں سیکرٹری مالیات سردار خورشید، خواتین ونگ ڈپٹی سیکرٹری جنرل امبر شہزادی (مظفر آباد)، مرکزی نائب صدر خواجہ نعیم آکاش (باغ)، ڈپٹی سیکرٹری جنرل خان امجد خان، چیئرمین لیبرونگ آزاد قریشی شامل ہیں۔