اسکائوٹنگ کے ذریعے بچوں میں اچھی صفات پیدا کی جاسکتی ہیں،ڈاکٹر افضل
اسلام آباد(نا مہ نگار) پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک کے مرکزی صدرواسسٹنٹ صوبائی کمشنر اسلام آباد بوائے اسکائوٹ ایسوسی ایشن ڈاکٹر محمدافضل بابر نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسکائوٹنگ کے ذریعے کروڑوں بچوں کی زندگیوں میں اچھے شہری کی اوصاف پیدا کی جاسکتی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسکائوٹ ڈے کے موقعہ پر نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان کے لئے منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ بعض مفادپرست عناصر خدمت سے سرشار اسکائوٹنگ کو بھی سیاست کی نذر کرکے دنیا میں مادرِ وطن کا مذاق اُڑانے کی کو شش کررہے ہیں۔اسکائوٹنگ صرف عام بچوں کے لئے نہیں بلکہ خصوصی بچوں کو بھی اس میں شامل کیا جاتا ہے ۔ دنیا بھر کی طرح ہمارے ملک میں بھی اسکائوٹ کو قدرتی آفات اور ریسکیو کے لئے تیار کیا جاتا ہے ۔ جگہ جگہ اسکائوٹس کو تربیت دے کر ان کے ایمرجنسی رسپانس یونٹ قائم کئے جاتے ہیں۔