آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کا بجٹ دوسرے صوبوں کے برابر کیا جائے، مجلس قائمہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سینیٹ کی مجلس قائمہ برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان نے وزارت خزانہ سے سفارش کی ہے کہ آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان کا بجٹ ملک کے دوسرے صوبوں کے برابر کیا جائے۔ کمیٹی نے اسلام آباد میں منعقدہ بین الااقوامی انسانی حقوق کانفرنس میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی فلم نہ دکھانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسانی حقوق کمیشن کو طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی امور کشمیر گلگت بلتستان کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہوا۔ اجلاس میں سینیٹر رحمان ملک، سینیٹر احمد حسن، مومن آفریدی ، سینیٹر نجمہ حمید کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اعلی حکام نے شرکت کی۔چیئرمین کمیٹی پروفیسر ساجد میر نے گلگت بلتسان کے سرکاری اداروں میں خالی اسامیوں پر بھرتیاں کرنے کیلئے وزارت خزانہ کو فنڈز دینے کی ہدایت جاری کیں۔ انہوں نے کہاکہ دوسرے صوبوں کی طرح گلگت بلتستان کو کو بھی برابر بجٹ دیا جائے۔ سیکرٹری آزاد کشمیر نے اجلاس کو بتایا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ریفارمز پیکیج کے تحت گرانٹ فارمولہ طے کیا جارہاہے۔ جس پر جلد فیصلہ ہو جائے گا۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ گلگت بلتستان کو بھی دوسرے صوبوں کے برابر فنڈز دئیے جائیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کیلئے بجٹ فراہم کیا جائے۔ گلگت بلتستان حکام نے بتایا کہ جی بی میں پانی سے 50ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے علاقے کی تعمیر وترقی کے لیء 20ارب روپے کے بجٹ کی منظوری کا مطالبہ بھی کیا۔