حکومت اخبارات کو اشتہارات کی مد میں بقایا جات فوری ادا کرے: سی پی این ای
اسلام آباد (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے حکومت پاکستان اور سندھ حکومت سے سرکاری اشتہارات کی مد میں اخبارات کو بقایاجات کی فی الفور اور اشتہاری ایجنسیوں کو فوری اور بغیر تعطل کے ادائیگیوں کا پابند بنانے کا پر زور مطالبہ کیا ہے۔یہ مطالبہ سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد کی سربراہی میں مقامی ہوٹل میں سٹینڈنگ کمیٹی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سرکاری اشتہارات کی مد میں اخبارات کو بقایاجات کی عدم ادائیگیوںپر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سی پی این ای نے کہا کہ اشتہارات کے بقایاجات کی مسلسل عدم ادائیگیوںکے باعث پہلے سے شدید مالی مشکلات کے شکار اخباری ادارے بند ہونے کی دہلیز پر پہنچ چکے ہیں، جبکہ پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے والے صحافی و دیگر عملہ تنخواہوں اور اجرتوں میں تاخیر کے سبب فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ اجلاس میں سندھ کمیٹی کے تمام فیصلوں کی بھرپور تائید کرتے ہوئے سندھ کمیٹی کے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اجلاس میں مزید کہا گیا کہ کرپشن زدہ، بدعنوان اور اخبارات و جرائد کی نادہندہ اشتہاری ایجنسیوںکو بلیک لسٹ کرتے ہوئے اخبارات و جرائد کے اربوں روپے کے بقایاجات کی وصولی کے لئے حکمت عملی تیار کی جائے۔اجلاس میں خیبرپختونخواہ حکومت کے محکمہ اطلاعات کی جانب سے اخبارات کے ڈیکلیریشن کی منسوخی، فیسوںمیں کمی، میڈیا ایکٹ 2013ءمیںآزادی صحافت سے متضاد شقوں کو ختم کرنے سمیت دیگر مسائل جلد حل کرنے کے ضمن میں خیبرپختونخواہ کمیٹی کی کوششوں کو سراہاگیا۔ اجلاس میں تنظیمی امور پر بھی سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے سی پی این ای کے سینئر رکن ممتاز صحافی روزنامہ بلوچستان ایکسپریس کے چیف ایڈیٹر صدیق بلوچ (مرحوم) کی صحافتی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سی پی این ای سیکریٹریٹ میں قائم ہال کو صدیق بلوچ (مرحوم) کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔اجلاس میں سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد، سینئر نائب صدرشاہین قریشی، سیکریٹری جنرل اعجازالحق، نائب صدور عامر محمود، رحمت علی رازی، مہتاب خان، انور ساجدی، طاہر فاروق، سینئر اراکین وامق زبیری، ڈاکٹر جبار خٹک، اکرام مجید سہگل، قاضی اسد عابد، مشتاق احمد قریشی، غلام نبی چانڈیو، کاظم خان، سید ممتاز شاہ، ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی، عرفان اطہر، عارف بلوچ، وسیم احمد، مظفر اعجاز، اسلم خان، تنویر شوکت، بشیر احمد میمن، خلیل الرحمان، سہیل چوہدری، میاں ابرار حسین، سجاد عباسی، ساجد نذیر، نوید شیخ اور عبدالودود قریشی سمیت مقامی اخبارات کے مدیران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
سی پی این ای