امریکی کانگرس کے وفد کی تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) امریکی کانگرس کے وفدکے ارکان جمعرات کو تحریک انصاف کے سیکرٹری امور خارجہ ڈاکٹر شہزاد وسیم کی رہائشگاہ پہنچ گئے جہاں پی ٹی آئی کے رہنمائوں اسد عمر اور فواد چوہدری کے ہمراہ مرکزی سیکرٹری امور خارجہ نے ان کا استقبال کیا پی ٹی آئی رہنمائوں سے ملاقات میں امریکی کانگریس کے وفد کے درمیان پاک امریکہ باہمی تعلقات‘ امریکہ کی افغان پالیسی اور دیگر باہمی دلچسپی کے اُمور زیر بحث آئے اورپاکستان اور امریکہ کے تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی اس موقع پر امریکہ کی افغان پالیسی بھی زیرغورآئی باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور کے علاوہ علاقائی صورتحال اور پاک چین راہداری منصوبے پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔امریکہ کی جانب سے پاکستان کو فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس کی واچ لسٹ میں شامل کرنے کی کوششوں پر خصوصی گفتگو امریکی کانگرس کے وفد میں شامل خارجہ اور دفاع کمیٹیوں کے ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں اور قربانیوں کا کھلے دل سے اعتراف امریکہ کے ذمے قرض ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حوالے سے امریکی انتظامیہ کے بیانیے اور حکمت عملی پر نظر ثانی وقت کا تقاضا ہے تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کو پاکستان پر دباؤ آزمانے کی بجائے خطے کی سلامتی میں پاکستان کے کردار کو مثبت زاویے سے دیکھنا چاہئے افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام پاکستان کی اولین خواہش ہے جس کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیںاس موقع پر باہمی روابط میں تسلسل قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔