مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج نے کئی علاقوں کا محاصرہ کرلیا، توڑپھوڑ انجینئررشید ساتھیوں سمیت گرفتار
سرینگر(اے این این ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں جہاں قابض فورسز کی جانب سے مجاہدین کی موجودگی کی آڑ میں محاصرے اور کریک ڈاؤن کا سلسلہ دراز ہوتا جا رہا ہے تازہ کارروائیوں میں رکن اسمبلی انجینئر رشید سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ بھارتی فورسز نے گھر گھر تلاشیوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سرنگر شہر کے مضافاتی علاقے بژھ پورہ صورہ میں مبینہ طور پر فورسز اور پولیس کی طرف سے کچھ مکانات کی گھیرہ بندی کے دوران گولیاں چلنے کی آواز سنائی دی تاہم پولیس نے گولی چلنے کے واقعہ کو مسترد کیا۔پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ جنگجوئوں کے چھپنے کی اطلاع ملنے کے بعد کچھ مکانات کا گھیرائو کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران گھر گھر تلاشیاں لی گئیں تاہم جنگجوئوں کے ساتھ آمنا سامنا نہیں ہوا اور بعد میں محاصرہ ختم کر دیا گیا تاہم مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ فوجی اہلکاروں نے گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین اور بچوں سمیت اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کی۔ دریں اثناء عوامی اتحاد پارٹی کے سر براہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید کو پولیس نے اسوقت گرفتار کیا جب وہ پولیس زیادتیو ں کے خلاف کپواڑہ میں غیر معینہ عرصہ کیلئے بھوک ہڑتال کرنے کا پروگرام منعقد کرنا تھا۔ تاہم پولیس نے انہیں کپواڑہ پہنچنے سے قبل ہی ہندواڑہ میں گرفتار کر کے تھانہ میں بند کیا۔ رشید کو کئی ساتھیوں سمیت حراست میں لیا گیا۔پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ محبوبہ مفتی والی مخلوط سرکار نے پولیس کو لوگوں کو ہرا ساں کر نے کی کھلی چھو ٹ دے رکھی ہے اور سکیورٹی ایجنسیو ں کے سامنے مکمل طور ہتھیار ڈال دئے ہیں اور ریاست میں قانون نام کو کوئی چیز نہیں ہے اور عام شہریوں کے حقوق پائو ں تلے رو ندے جارہے ہیں۔ ادھر بھارتی فوج کے مطابق بانڈہ پورہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیا ہے۔زخمی اہلکار کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔فائرنگ کے بعد فورسز نے گاؤں پری بل اور ملحقہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی کیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی،میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے سی آئی ڈی کی سینٹرل جیل سے متعلق رپورٹ کو مضحکہ خیز، بے ہودہ اور جھوٹ کا پلندا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سے ایک قیدی کے فرار ہوجانے کے بعد سے حکمران،انکی فورسز،ایجنسیز اور پولیس نے سینٹرل جیل میں مقید سیاسی اور دوسرے اسیروں کو تنگ کرنا شروع کردیا ہے۔
کشمیر