شاہد خاقان ترکمانستان پہنچ گئے، آج تاپی گیس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرینگے
اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی دو روزہ دورے پر ترکمانستان پہنچ گئے، جہاں وہ تاپی گیس پائپ لائن کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ ایئرپورٹ پر ترکمانستان کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین نے وزیراعظم کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر توانائی جام کمال خان بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں، اپنے دو روزہ دورے میں وزیراعظم ترکمانستان کی اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے اور تاپی گیس پائپ لائن کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔یاد رہے کہ ترکمانستان، افغانستان ، پاکستان اور بھارت تاپی گیس پائپ لائن میں حصہ دار ہیں۔۔ترکمانستان نے تاپی منصوبے کے تحت اپنی حدود میں گیس پائپ لائن کی تعمیر مکمل کرلی ہے جس کے بعد اس پائپ لائن کو افغانستان تک لے جانے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب آج جمعہ کو ترکمانستان کے سرحدی شہرSERHETABAT میں ہوگی۔افتتاحی تقریب سے پہلے منصوبے میں شریک ممالک ترکمانستان' افغانستان' پاکستان اور بھارت کی رہبر کمیٹی کا اجلاس ترکمانستان کیمیری سٹی میں ہوگا،واضح رہے کہ دسمبر دوہزار پندرہ میں پاکستان، افغانستان، بھارت اور ترکمانستان کے سربراہان نے دس ارب ڈالر لاگت کے توانائی کے منصوبے تاپی گیس پائپ لائن کا سنگ بنیاد رکھا تھا، منصوبے کی مجموعی لاگت کا 85فیصد تر کمانستان ادا کرے گا جبکہ باقی تینوں ممالک پانچ، پانچ فیصد حصہ ڈالیں گے۔منصوبے سے مجموعی طور پر 3ارب20کروڑ مکعب فٹ یومیہ گیس حاصل ہو گی۔